سعودی عرب (جیوڈیسک) برادر اسلامی ملک سعودی عرب نے کہا ہے کہ خطے میں امن واستحکام کی حفاظت اور کشمیریوں کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاض نے اس امر کی ضرورت پر زور دیا ہے کہ تنازع جموں وکشمیر کا پرامن حل بین الاقوامی قراردادوں کی روشنی میں نکالا جائے۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘ کے مطابق ریاض دفتر خارجہ کے ایک عہدیدار نے بیان میں کہا کہ’سعودی عرب جموں و کشمیر کے موجووہ حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ جس کی وجہ بھارتی دستور آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی ہے۔ آرٹیکل 370 جموں وکشمیر کےلئے خودمختاری کی ضمانت ہے‘۔
سعودی عرب نے جموں وکشمیر کے حالات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ز ور دیا کہ متعلقہ بین الاقوامی قرار دادوں کے مطابق تنازع کا پر امن طریقے سے حل نکالا جائے۔ متعلقہ فریق خطے میں امن و استحکام کی حفاظت اور کشمیریوں کے مفادات کا لحاظ کریں۔
گذشتہ روز پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے انہیں کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔