اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے ہندوستان کو مسئلہ کشمیر پر بامقصد مذاکرات کی باضابطہ طور پر دعوت دے دی سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے اس حوالے سے اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر کو خط لکھا، جس میں انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے اسلام آباد میں تعینات ہندوستانی ہائی کمشنر گوتم بامباوالے کو دفتر خارجہ طلب کرکے انہیں اپنے ہندوستانی ہم منصب کے لیے لکھا گیا خط دیا۔ خط میں سیکرٹری خارجہ نے ہندوستان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور اس بات پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر بات چیت کریں۔
سیکریٹری خارجہ نے خط میں کہا کہ مسئلہ کشمیر دونوں ملکوں کے درمیان تنازع کی بنیاد ہونے کے باعث حل طلب ہے اور دونوں ممالک کی عالمی ذمہ داری بھی ہے کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اس مسلے کو حل کیا جائے۔ واضح رہے کہ 8 جولائی کو ہندوستانی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے کشمیر میں حالات کشیدہ ہیں اور وہاں مسلسل کرفیو نافذ ہے۔
اس دوران سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 60 سے زائد کشمیری شہری ہلاک ہوچکے ہیں، پاکستان نے کشمیر میں جاری ظلم و ستم اور برہان وانی کے قتل کی شدید مذمت کی تھی۔ اس واقعے کے بعد سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوچکی ہے اور ہندوستان کی جانب سے گاہے بگاہے پاکستان پر الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری ہے۔