نئی دہلی / جموں (جیوڈیسک) پاکستان اور بھارت کے سرحدی کمانڈروں نے کنٹرول لائن پر امن برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک سینئر افسر نے بتایا ہے کہ پاکستان رینجرز اور بی ایس ایف کے درمیان جموں وکشمیر کے سامبا سیکٹر میں منگو چک بارڈر پر ونگ کمانڈنٹ کمانڈر سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے پاکستان رینجرز کی سربراہی ونگ کمانڈر بھٹی اور بھارت کی جانب سے بی ایس ایف کے وفد کی سربراہی انچارج کمانڈنٹ وائے بی یادو نے کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاک بھارت سرحدی حکام کی میٹنگ خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دونوں اطراف سے سرحد پر امن کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
خوشگوار ماحول میں ہونیوالی ملاقات میں دونوں گروپوں نے سرحد پر امن برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سرحدی کسان فصلیں کاشت کر سکیں۔ دونوں فوجی وفود نے اس مقصد کیلیے قریبی رابطہ رکھنے اور مسلسل فلیگ میٹنگ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔