پاکستان میں موجود 2 بھارتی صحافیوں کو ایک ہفتے میں ملک چھوڑنے کا حکم

Pakistan, India

Pakistan, India

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستانی حکام نے ملک میں موجود 2 بھارتی صحافیوں کو ویزہ کی مدت ختم ہونے پر ایک ہفتے میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔

اسلام آباد میں موجود بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے نامہ نگار سنیش فلپ اور بھارتی روزنامے کی نمائندہ مینا مینن نے مارچ میں اپنے ویزہ کی مدت ختم ہونے پر اس میں توسیع کے لئے متعلقہ حکام کو تحریری درخواستیں دی تھیں تاہم ان دونوں درخواستوں کو مسترد کردیا گیا ہے۔

دونوں صحافیوں کو 13 مئی کو وزارتِ اطلاعات کے حکام کی جانب سے تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر ملک چھوڑ دیں۔ اس کے ساتھ ہی پاکستانی حکام کو سفری تفصیلات سے بھی آگاہ کریں۔

واضح رہے کہ دونوں بھارتی صحافیوں کی ملک میں قیام کی مدت 2 ماہ قبل ہی ختم ہو چکی ہے۔