لاہور (جیوڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی کرکٹ سیریز کا تحریری معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت 2015 سے 2023 کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 6 سیریز کھیلی جائیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے درمیان کرکٹ سیریز کا تحریری معاہدہ طے پاگیا ہے۔ جس کے تحت 2015 سے 2023 کے درمیان دونوں ممالک کے درمیان 6 سیریز کھیلی جائیں گی جن میں سے 4 کی میزبانی پاکستان اور 2 کی بھارت کرے گا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں تمام مقاصد حاصل کر لئے ہیں۔ پاکستان کو بگ فور کا درجہ مل گیا ہے جس کے تحت ریونیو کا چوتھا حصہ پاکستان کو ملے گا۔ اس کے علاوہ 2015 میں پاکستان آئی سی سی کی صدارت سنبھالےگا جس کی مدت 2 سال ہو گی۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے 13 – 2012 میں بھارت کا مختصر دورہ کیا تھا جس میں اس نے 3 ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے جبکہ بھارتی ٹیم نے آخری بار 2008 میں ایشیا کپ کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔