لاہور (جیوڈیسک) معروف اداکارہ و ماڈل سارہ لورین نے بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستانی فلموں میں بھی اداکاری کاگرین سگنل دے دیا۔ منفرد موضوع اور مضبوط کردار کی جب بھی پیشکش ہوئی تو اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
سارہ لورین نے بتایا کہ میں نے اپنے فنی سفر کا آغاز پاکستان میں کیا اور معیاری کام کرتے ہوئے مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی آفرز شروع ہوئیں۔ یہاں پر کیریئر کا شاندار آغاز ہوا اور مستقبل میں بہت سے اچھے پراجیکٹس میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا اظہار کرتی دکھائی دوں گی۔
میں نے کبھی ایسا کوئی بیان نہیں دیا یا ایسا سوچا نہیں کہ مجھے اب صرف بالی ووڈ میں ہی کام کرنا ہے میں نے ہدایتکار فیصل بخاری کی فلم ’’سلطنت‘‘ کے لئے ایک آئٹم سانگ فلمبند کروایا تھا اور آئندہ مجھے جب بھی کوئی اچھی فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہو گی تو ضرور کام کروں گی مگر میں اپنی ایک بات پر ہمیشہ قائم رہوں گی کہ مجھے تعداد بڑھانے کے بجائے معیاری کام کرنا اچھا لگتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ میں نے جب پاکستان میں ٹی وی ڈراموں کے لیے اداکاری کی تو میرے کردار اتنے جاندار تھے کہ لوگ آج بھی مجھے ان کرداروں کے نام سے پکارتے ہیں۔ بالی ووڈ سے کام کی پیشکش ہوئی تومیری اولین ترجیح فلم میں میرا کرداراوراس کی کہانی تھی‘ اپنی انھی شرائط کے ساتھ کام کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں سارہ لورین نے کہا کہ پاکستان میں اب باصلاحیت نوجوان فلم میکر کام کرنے کے لیے میدان میں آچکے ہیں۔ یہ بہت خوش آئند بات ہے۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران ہمارے ہاں بنائی جانے والی فلموں کو زبردست رسپانس ملا ہے اور مجھے امید ہے کہ آئندہ بھی اسی طرح کی فلمیں بنائی جائیں گی جس کی وجہ سے ایک طرف سینما گھروں کی ویرانی کا خاتمہ ہو گا اوردوسری طرف نگار خانوں کی رونقیں بھی بحال ہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ ایک دورتھا جب ملک بھرمیں سینما گھر سب سے سستی تفریح ہوا کرتے تھے لیکن ہمارے ہاں بنائی جانے والی فارمولا فلموں کے باعث فلم انڈسٹری بحران میں مبتلا ہونے لگی۔ انھوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ ہم اچھی اور معیاری فلمیں بنائیں اور اس کے ذریعے لوگوں کوانٹرٹین کریں۔