پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکراتی عمل کی بحالی کا خیر مقدم کریں گے، امریکا

Jane Saki

Jane Saki

واشنگٹن ڈی سی (جیوڈیسک) امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان جین ساکی کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کے لئے اہم ہیں اس لئے امریکا دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا خیرمقدم کرے گا۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان جین ساکی کا کہنا تھا کہ امریکا کے بھارتی حکومت بشمول وزیر اعظم نریندر مودی سے بہت اچھے تعلقات ہیں، امید ہے کہ بھارت میں داخلی سیاسی تبدیلیوں سے ان پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کے لئے اہم ہیں، امریکا اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ بھارت اور پاکستان مذاکراتی کو بحال کرکے باہمی کشیدگی کو کم کرسکتے ہیں۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا خیر مقدم کریں گے۔

جین ساکی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تعلقات کا سب سے اہم حصہ ہے، گزشتہ دنوں پشاور کی مسجد میں بم دھماکے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر امریکا کو بہت افسوس ہے اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے، امریکا انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے میں پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔