اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے اقوام متحدہ کو پاک بھارت سلامتی مشیروں کی ملاقات منسوخی سے متعلق اپنے موقف سے آگاہ کر دیا، ترجمان خلیل اللہ قاضی کہتے ہیں وزیراعظم نواز شریف کے رواں برس دورہ امریکہ کے دوران پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کو پہلے ہی آگاہ کر دیا تھا کہ اگر شرائط لگائی گئیں تو پاک بھارت سلامتی مشیراوں کی ملاقات ممکن نہیں ہوگی۔ اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے پاک بھارت سلامتی مشیروں کی ملاقات منسوخی سے متعلق پاکستانی موقف سے آگاہ کیا۔
پاکستان میں بھارتی مداخلت سے متعلق بین الاقوامی برادری کو آگاہ کرنے کے ساتھ اقوام متحدہ کو پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا جائیگا۔ وزیر اعظم نواز شریف صدر اوباما کی دعوت پر رواں سال امریکہ کا دورہ کرینگے۔
نیو یارک میں نواز مودی ملاقات کی کوئی تجویز زیرغور نہیں ، اتحادی سپورٹ فنڈ کا معاملہ امریکہ کے ساتھ اٹھایا ہے ۔ خلیل اللہ قاضی نے بتایا کہ ڈی جی پنجاب رینجرز اور بی ایس ایف کے آئی جی کی ملاقات آئندہ ماہ نئی دہلی میں ہوگی۔
انہوں نے داؤد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی کی تردید کی، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پاکستانی سفارتی عملے کی حفاظت ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستانی سفارتخانے اور عملے کی حفاظت افغانستان کی ذمہ داری ہے۔
اس حوالے سے افغان حکام سے بات کی ہے۔ پاکستانی شہری مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے جنگ زدہ ممالک کے سفر سے گریز کریں، شہریوں کیلئے سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔ اسرائل میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے حوالے سے دوست ممالک کے ذریعے حقائق معلوم کر رہے ہیں۔