واشنگٹن (جیوڈیسک) ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی حالیہ کارروائیاں قابل ستائش ہیں جب کہ خطے میں امن کے لئے پاکستان اور بھارت کو دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنا ہو گا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی کا ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان نے حالیہ دنوں میں دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق موثر کارروائیاں کیں لیکن پاکستان کو اب بھی دہشت گرد گروپوں سے خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان صورت حال کشیدہ ہے، دونوں ممالک کو دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنا ہو گا، خطے میں قیام امن اور استحکام پاکستان اور بھارت کی مشترکہ ذمےداری ہے۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق اکتوبر سے شروع ہونے والے نئے مالی سال کے لئے 4 ٹریلین ڈالر کا مجوزہ امریکی بجٹ منظوری کے لیے کانگریس کو بھجوا دیا ہے جس میں سے 86 کروڑ ڈالر پاکستان کیلئے مختص کئے گئے ہیں، اس رقم میں سے 26 کروڑ 50 لاکھ ڈالر فوجی سازو سامان، اعانتی فنڈ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے رکھے گئے ہیں۔
جان کربی کا کہنا تھا کہ افغانستان عدم استحکام کا شکار اورخطرناک ملک ہے تاہم پاکستان اوربھارت نےافغانستان میں قیام امن کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کی بہتری کے لئے کوششیں کرتا رہے گا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے افغان صدر اور چیف ایگزیکٹیو کی حمایت جاری رکھے گا۔