پاکستان بھارت تعلقات کی بہتری کیلئے اچھے دن آرہے ہیں: عبدالباسط

Pak,India

Pak,India

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے اچھے دن آ رہے ہیں، جامع مذاکرات کی بحالی کے بعد بھارت کو مارکیٹ تک غیر امتیازی رسائی کا درجہ دے دیا جائے گا، وزیر اعظم نواز شریف اور نریندر مودی نے تمام دوطرفہ امور پر تفصیلی بات چیت کی اور خطے میں امن و ترقی کے عزم کا اعادہ کیا، ہمیں امید ہے کہ وقت آنے پر ان چیزوں کو آگے لایا جائے گا۔

دونوں ممالک کے عوام نے بہتر فیصلوں کے لئے اپنے قائدین کو بھاری مینڈیٹ دیا، پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت کے فروغ سے خطے میں غربت اور ناخواندگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ منگل کو یہاں دوسری پاکستان لائف سٹائل نمائش کے دوسرے مرحلے ’’عالیشان پاکستان‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ’’اچھے دن آنے والے ہیں‘‘ اس حوالے سے پاکستانی ہائی کمشنر نے اس کا فقرہ دہرایا ہے۔ عبدالباسط نے کہا ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بھارتی ہم منصب نے اپنے امن اور ترقی کے وژن کا تبادلہ کیا۔

انہوں نے کہا سارک تجارت دنیا کی کل تجارت کا 5 فیصد ہے جبکہ دوسری جانب یورپی یونین، آسیان اور لاطینی امریکہ کا تجارتی حجم بہت زیادہ ہے۔ پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا پاکستان نئی دہلی کے ساتھ باہمی ہم آہنگی اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ وقت آگیا ہے کہ دونوں ملک ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر امن تعاون اور خوشحالی کیلئے تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز کریں۔

اس موقع پر ایس ایم منیر نے کہا کہ 10 ستمبر سے شروع ہونے والی اس چار روزہ نمائش کے دوران پاکستان کی ڈھائی سو اعلیٰ سطحی کمپنیاں اپنی اشیاء نمائش کیلئے رکھیں گی۔ نمائش کے علاوہ پاکستانی تاجروں کے اعلیٰ سطحی وفد مختلف شعبوں میں دو طرفہ تجارتی مواقع کی تلاش کیلئے بھارت کا دورہ کریں گے۔