دبئی (جیوڈیسک) بھارت اور پاکستان کے درمیان باہمی سیریز کے معاہدے پر دبئی میں دستخط کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، بی سی سی آئی کے معطل سربراہ این سری نواسن نہ صرف پی سی بی بلکہ سری لنکا سے بھی میچزکے معاملات طے کریں گے، نجم سیٹھی بھی ایک نکاتی ایجنڈے کے ساتھ دبئی میں موجود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا میں دعویٰ کیا گیاکہ آئی سی سی ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ کیلیے دبئی پہنچنے والے بورڈ کے معطل سربراہ این سری نواسن کی جانب سے چند اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے، پاکستان اور سری لنکا کے ساتھ باہمی سیریز کے معاہدوں کو حتمی شکل بھی دی جا سکتی ہے۔
پہلے پہل ان دونوں ممالک نے بگ تھری کی شدید مخالفت کی تاہم بعد میں سری لنکا نے ہوائوں کا رخ دیکھتے ہوئے بھارت کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا تھا، جس سے بظاہر اس نے اپنا مستقبل محفوظ بنا لیا۔