لاہور (جیوڈیسک) چیئر مین پی سی بی شہریار خان کہتے ہیں پاک بھارت سیریز نہ ہونے میں بھارتی حکومت نے منفی کردار ادا کیا جبکہ پی ایس ایل آئندہ برس پاکستان میں کرانے کے لیے کوشاں ہیں۔
واپڈا سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام ٹی 12 سکولز کرکٹ ٹورنامنٹ لاہور میں شروع ہو گیا، ٹورنامنٹ میں 8 سکولوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ ٹورنامنٹ 22 دسمبر سے 30 دسمبر تک کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ کی خاصیت اس کا نیا فارمیٹ ہے جس میں بارہ بارہ اوور کرائے جائیں گے جبکہ بولر آٹھ گز کے رن اپ سے گیند کرائے گا اور دو گیندوں پر رنز نہ بنانے والے بلے باز کو آوٹ قرار دے دیا جائے گا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ واپڈا نے نیا فارمیٹ متعارف کرایا ہے جس کا بغور جائزہ لیں گے اور اگر مثبت نتائج نکلے تو اس کی سپرستی کریں گے۔ شہریار خان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے پاک بھارت سیریز نہ ہونے میں بھرپور منفی کردار ادا کیا، انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی کے لیے کوشیشں جاری ہیں جبکہ آئندہ سال پی ایس ایل کو پاکستان میں کرانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایک طرف تو واپڈا سپورٹس بورڈ نئے طرز کا کرکٹ ٹورنامنٹ کرا رہا ہے جبکہ دوسری جانب دوسرے شہروں سے مختلف کھیلوں میں شرکت کے لیے آئے کھلاڑی سردی میں زمین پر سونے پر مجبور ہیں جبکہ ان کو سہولیات بھی مہیا نہیں کی گئیں۔