نئی دلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اب پاک بھارت مذاکرات کا راگ الاپنا شروع کر دیا ہے۔
پاکستان کے خلاف نفرت انگیز بیانات دینے اور ہر وقت جنگ کی دھمکی دینے والے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کو حکومت کے ایک سال پورا ہونے پر شاید کچھ ہوش آگیا ہے اسی لیے انہوں نے ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
مودی کا کہنا تھا کہ تشدد کسی قوم کے حق میں نہیں اور اس کا فائدہ نہ پاکستان کو ہے اورنہ ہی بھارت کو جب کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک بھی ختم ہونا چاہئے۔
جہاں ایک طرف نریندر مودی پاکستان سے کشیدگی ختم کرنے کا ڈھونگ رچا رہے ہیں وہیں دوسری جانب بھارتی وزیر خارجہ شمسا سوراج نے پاک چین اقتصادی راہداری روٹ پر واویلا مچاتے ہوئے کہا کہ نریندرا مودی نے گزشتہ ماہ چین کے دورے کے دوران چینی قیادت کے سامنے واضح کردیا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ کا پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے گزرنا ناقابل قبول ہے اور اس کی سخت مخالفت کی جائے گی جب کہ اس سلسلے میں چینی سفیر کو طلب کرکے اس کی وضاحت طلب کی گئی ہے۔