پاکستان بھارت کے ساتھ اسلحے کی دوڑ نہیں چاہتا، صدر ممنون

Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ اسلحے کی دوڑ میں شریک نہیں ہونا چاہتا امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیکریٹریز سطح کے مذاکرات کامیاب ہوں گے۔

یہ بات انھوں نے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ایسٹ ویسٹ انسٹی ٹیوٹ کے وفد سے بات چیت کے دوران کہی جس نے صدر ممنون سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔

اس موقع پرصدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے کے حالات کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوا ہے، بعض لوگوں نے قبائلی علاقوں اور ملک کے دیگر حصوں میں جا کر لوگوں کو گمراہ کیا، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اچھے برے طالبان کی تمیز کے بغیر کارروائی جاری ہے۔

وفد میں شامل بھارتی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرممنون نے کہا کہ پاکستان ہمسایوں سمیت تمام ملکوں سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، ہم بھارت سے کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر بات کرنا چاہتے ہیں۔

دریں اثنا ایسٹ ویسٹ انسٹیٹیوٹ کے نائب صدر مارٹن فلیشر نے جمعے کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی سیبھی ملاقات کی۔