کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشیا میں امن و خوشحالی کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کردہ پاکستان کے چار نکاتی فارمولے کو روایتی ہٹ دھرمی اور پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات کے ذریعے مسترد کرکے بھارت نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارت اسلحہ فروخت کرنے والی طاقتوں کے گماشتے کا کردار ادا کرتے ہوئے تیسری جنگ عظیم کی راہیں ہموار کررہا ہے چونکہ سامراجی و استعماری قوتوں اور ممالک کی معیشت اسلحہ کی فروخت پرکھڑی ہے اسلئے وہ نہیں چاہتے کہ دنیا میں امن قائم ہو اسی لئے بد امنی پھیلانے اور اپنے اسلحہ کی مہنگے داموں فروخت کیلئے تیسری جنگ عظیم کی راہ ہموار کرنے کا ٹھیکہ ان قوتوں نے بھارت کو دیا ہے۔
محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی اور سیکریٹری اطلاعات عمران چنگیزی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ میں عالمی امن کیلئے پیش کردہ چار نکاتی فارمولے میں بھارت کا جواب دنیا کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہونا چاہئے جبکہ عالمی قوتوں کو اس حقیقت کو بھی تسلیم کرلینا چاہئے کہ بلوچستان، فاٹا اور کراچی سمیت پاکستان بھر میں ہونے والی دہشت گردی میں بھی بھارت ملوث ہے جس کے ثبوت پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو فراہم کر دیئے ہیںاور15ممالک کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کردیا گیا ہے اسلئے اب دنیا کا امن اقوام متحدہ کے ہاتھ میں ہے کہ وہ دنیا کے مستقبل کومحفوظ بنانے کیلئے بھارت کیخلاف کاروائی کرتی ہے یا اس کی جارحیت پر آنکھیں اور زبان بند کرکے دنیا میں تیسری جنگ عظیم کی بنیاد رکھنے میں معاون و مددگار بنتی ہے۔