پاکستان میں اب تک سینکڑوں معصوم اور بے گناہ انسانوں نے جان کے نذرانے پیش کیے: ساجد علی نقوی

Rawalpindi

Rawalpindi

راولپنڈی : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہدائے ڈیرہ اسماعیل خان کی 27 ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں اب تک سینکڑوں معصوم اور بے گناہ انسانوں نے جان کے نذرانے پیش کیے اور اب تک یہ سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے مگر ہم نے ہمیشہ ملک میں اتحاد و وحدت کی ترویج اور اتحاد بین المسلمین کے عملی نفاذ کے ذریعے ملک کی سالمیت اور دفاع کی عملی جدوجہد کو جاری رکھا اور تمام تر مشکلات و مصائب کے باوجود اس جدوجہد کو ترک نہیں کیا۔

اعلی و ارفع اہداف کی خاطر وجود میں آنے والا یہ کارواں رواں دواں ہے تاکہ ملک دشمن عناصر’ قاتل و دہشت گرد اور ٹارگٹ کلرز اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہوپائیں۔ڈیرہ اسماعیل خان کی سرزمین سے اپنے آئینی شہری حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے جن شہداء نے اپنی جانوں کی عظیم قربانی پیش کی وہ کبھی رائیگاں نہیں جاسکتی ۔قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اس وقت ملک جن گھمبیر اور نازک حالات سے دوچار ہے۔

اس کے عوام اذیت ناک صورت حال کا شکار ہیں اس کے خاتمے کا تقا ضا ہے کہ سانحات کے پس پردہ حقائق سے پاکستانی عوام کو باخبر اور آگاہ کر کے صورت حال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے ملک سے بدامنی’ انتشار’ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کاخاتمہ کیا جائے کیونکہ یہ خطرناک صورت حال لمحہ بہ لمحہ ملک کو تباہی و بربادی کی جانب دھکیل رہی ہے۔