اسلام آباد (جیوڈیسک) پشتونخوا ملی پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے پاکستان کا کوئی ادارہ کرپشن سے پاک نہیں ہے، ہم نے سیاستدانوں کو خریدتے اور بیچتے دیکھا ہے۔
سائیکل چور جیل میں جاتا ہے، کروڑوں کے چوروں سے پلی بارگین ہوتی ہے۔ قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران محمود خان اچکزئی کو بات تو پاناما لیکس کے ٹی او آرز پر کرنا تھی مگر وہ وزیر اعظم اور اسپیکر ایاز صادق سے گلے شکوے کرتے رہے۔
انہوں نے اسپیکر کو مخا طب کرتے ہوئے کہا وزیراعظم صاحب اور آپ سے گلہ ہے ، نازک حالات میں بھی آپ نے ہمیں کبھی اعتماد میں نہیں لیا۔ محمود خان اچکزئی نے کرپشن پر بات کرتے ہوئے خوب بخیئے ادھیڑے اور کہا پاکستان کا کوئی ادارہ اس بیماری سے مبرا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا مغربی دنیا انسانی حقوق اور انصاف کی بات تو کرتی ہے ، انہی مغربی ممالک نے ڈاکوؤں کی جگہ بنائی ہے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کرپشن سے نجات چاہتے ہیں تو جوائنٹ سیٹنگ میں قرار داد پیش کی جائے جس پر تمام سیاسی جماعتوں کے اکابرین کے دستخط ہوں۔