نیویارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت پر حملے یا ملک کے کچھ حصوں کو غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی کوشش کا پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں افغانستان کی صورت حال پر مباحثے سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے سرپرست چاہے ملک کے اندر ہوں یا ملک سے باہر ، پاکستان پوری سختی کے ساتھ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے کام کرتا رہے گا۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کا ایک سال کامیابی سے مکمل ہوا ہے ۔ اس سے تمام دہشت گردوں کے بلاامتیاز خاتمے کے پاکستانی عزم کا اظہار ہوتا ہے انہوں نے یہ عزم دوہرایا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں افغانستان سے تعاون کرتا رہے گا اور افغانستان میں امن و سلامتی کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امن و سلامتی کا سب سے بہترین طریقہ افغانوں کی جانب سے اُن کی اپنی قیادت میں قومی مصالحتی عمل کا آغاز ہے پاکستان کو امید ہے کہ مصالحتی عمل میں پیش رفت کے اقدامات جلد ہی فریقین کے درمیان براہ راست بات چیت اور تشدد میں کمی کی راہ ہموار کریں گے۔