پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے :الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے یوم پاکستان موقع پر قوم کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کو مختلف سمتوں سے اندرونی و بیرونی خطرات کا سامنا ہے ، ملک میں قرار داد پاکستان کی اصل روح کے مطابق جمہوری و متوازن معاشرے کے قیام کی ضرورت ہے ۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے” یوم قرارداد پاکستان“ کے موقع پر تمام پاکستانیوں کو مبارک باد دی ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو مختلف سمتوں سے اندرونی و بیرونی خطرات کا سامنا ہے ایسے میں اشد ضرورت ہے کہ پاکستان میں قرار داد پاکستان کی اصل روح کے مطابق ایک جمہوری و متوازن معاشرے کا قیام عمل میں لایا جائے اور ملک میں بسنے والے تمام افراد کو بلا امتیاز ان کے حقوق فراہم کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم قرار داد پاکستان کے مطابق ملک و قوم کو فرسودہ جاگیردارانہ نظام سے نجات دلانا چاہتی ہے اور پاکستان میں صحیح معنوں میں عوامی جمہوریت کے قیام کیلئے عملی جدوجہد کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں نوجوان نسل کو چاہئے کہ وہ قرار داد پاکستان کی اصل روح کا مطالعہ کر کے پاکستان میں پر امن معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ملک کو دنیا میں روشن خیال و ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں کھڑا کیا جاسکے۔