اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سوی ایوی ایشن نے پاکستان سے انٹرنیشنل فلائٹس کی بحالی کا نوٹم جاری کر دیا۔ اعلامیے کے مطابق پورے پاکستان سے بین الاقوامی پروازوں کی اجازت دی گئی ہے۔
گوادر اور تربت ائیرپورٹ کے علاوہ آج فلائٹ آپریشن بحال ہو جائے گا، کورونا سے بچاؤ کیلئے پروازوں میں تمام ایس او پیز کا اطلاق لازم ہوگا۔
ادھر وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی پروازوں کیلئے فضائی حدود کو جزوی کھول رہے ہیں، کورونا کے باعث سمندر پار پاکستانیوں نے زیادہ مشکلات برداشت کیں، فضائی حدود کھولنے کا مقصد بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپسی کی سہولت دینا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا وبا کے دوران سمندر پار پاکستانیوں نے سب سے زیادہ مشکلات برداشت کیں، سمندر پار پاکستانیوں کی ہمت اور حوصلے پر ہمیں فخر ہے، وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، سمندر پار پاکستانیوں کو واپسی پر ہر قسم کی سہولت فراہم کریں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا سمندر پار مخیر پاکستانیوں کی جانب سے ہم وطنوں کی مدد پر ان کا شکر گزار ہوں، وبا کے دوران دیارغیر میں مشکلات کا شکار پاکستانیوں کی مدد قابل ستائش ہے۔