پاکستانی (جیوڈیسک) جواہرات اور زیورات کی برآمدات 47 ملین ڈالر سے بڑھ کر ایک ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جبکہ پاکستان انٹرنیشنل جیمز اینڈ جیولری نمائش 2013 برآمدات کے مزید فروغ اور نئی مارکیٹوں تک رسائی میں مدد دے گی۔ ان خیالات کااظہار پاکستان جیمز اینڈ جیولری کے ڈائریکٹر، عبدالرزاق منشا نے کراچی میں سیمنار خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ چار روزہ نمائش کراچی میں 26 ستمبر سے 29 ستمبر تک جاری رہے گی۔ نمائش میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستانی جواہرات اور زیورات کی مصنوعات ایک جگہ مہیا کرنے کیلئے یہ نمائش پلیٹ فارم کا کردارادا کرے گی۔
نمائش کے دوران ایک سیمینار کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔چارروزہ نمائش میں قیمتی پتھروں، دھاتی اشیا، زیبائشی پتھر، نقش نگاری کیلئے استعمال ہونے والے منکے، دانے، موتی، قیمتی پتھروں سے بنائے گئے زیورات، ہاتھوں سے بنائے گئے خوبصورت جیولری کے علاوہ صنعت میں استعمال ہونے والے آلات، مشینری، سازوسامان اور دیگر مصنوعات رکھی جائیں گی۔
انہوں نیبتایا کہ گزشتہ برس بھی 40 بین الاقوامی مندوبین نے نمائش میں شرکت کی تھی، یہ وفد اور سرمایہ کار امریکا، برطانیہ، سری لنکا، متحدہ عرب امارات، ترکی، چین، ہانگ کانگ اور بھارت سے خصوصی طور پر نمائش میں شرکت کرنے کیلئے آئے تھے۔
چیئرمین آل پاکستان جیمز اینڈ جیولری مرچنٹ ایسوسی ایشن سعید مظہر نے کہا کہ اس نمائش سے کاروبار کو فروغ ملے گا، انہوں نے کہا کہ اس نمائش سے پاکستان کو قدرتی وسائل، کم پیداواری لاگت اور سستی افرادی قوت سے بھرپور استفادہ اٹھانے میں بھی مدد ملے گی۔