لاہور(جیوڈیسک)لاہور صدرآصف علی زرداری نے اعلان کیاہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کاآغاز آئندہ ہفتے ہوگا۔ صدرزرداری نے گورنرہاوس لاہورمیں ہائیڈل پاورپروجیکٹ سمیت تین منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب میں انھوں نے کہاکہ عالمی برادری کو پاکستان کے مسائل کا ادراک ہونا چاہیے، پاک ایران گیس پائپ لائن پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے، ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کا افتتاح گیارہ مارچ کوکیاجائے گا، دنیا اور دیگرممالک پابندیوں کے باوجود دوسری اقوام کو اس قسم کے پروجیکٹ کی اجازت دے رہے ہیں۔
لہذا میں نہیں سمجھتا کہ ہم دنیاکے ساتھ اس میں کیوں شامل نہیں ہوسکتے، یقین ہے کہ دنیاہمارے نقطہ نظرکوسمجھے گی اور پاکستان کواس پروجیکٹ میں چھوٹ مل جائیگی۔ پاکستان ہماری اولین ترجیح ہے اورہمارے دوستوں کوسمجھنا چاہیے کہ ہم ایسا اپنے قومی مفاد میں کررہے ہیں۔
اس کی کوئی اوروجہ نہیں، ہم کسی کے خلاف نہیں، ہم دیگرکسی معاملے کے مخالف نہیں، ہم دنیا کی وابستگی اورغیروابستگی میں رکاوٹ پیدانہیں کررہے، ہم سب امن چاہتے ہیں اور ہم سب اقتصادی طورپرمضبوط پاکستان چاہتے ہیں۔