اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر پیڑولیم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر عملدرآمد لازم ہے اور پاکستان جتنی تاخیر کرے گا جرمانہ پڑتا چلا جائے گا۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بین الاوزارتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا، وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کو وزارت پیڑولیم نے بریفنگ دی۔
وزارت پیڑولیم کے ذرائع کے مطابق یہ اجلاس پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر ایران کے خلاف عالمی پابندیوں کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لینے کے لیے بلایا گیا تھا جس میں وزارت خزانہ کے حکام بھی شریک ہوئے۔
وفاقی وزیر پیڑولیم شاہد خاقان عباسی نے ذرائع سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے وزارت خارجہ کو بتا دیا ہے کہ پاکستان، ایران سے گیس کی درآمدکے معاہدوں پر عمل کا پابند ہے، اب وزارت خارجہ اس سلسلے میں حکمت عملی سے آگاہ کرے گی۔ معاہدے کے تحت پاکستان کو دسمبر 2014 تک ایران سے گیس حاصل کرنا ہے۔