اسلا م آباد (جیوڈیسک) ایران پر عالمی پابندیوں کے گیس پائپ لائن منصوبے پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لینے کے لیے بین الوزارتی اجلاس 22 جولائی کو وزارت خارجہ میں طلب کر لیا گیا ۔ وزارت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق بین الوزارتی اجلاس وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز کی سربراہی میں ہو گا۔
اجلاس میں وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر خزانہ ااسحاق ڈار اور اٹارنی جنرل پاکستان منیر اے ملک بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ایران سے یومیہ 75 کروڑ مکعب فٹ گیس کی درآمد کے منصوبے پر ایران کے خلاف عالمی پابندیوں کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ دسمبر 2014 تک مکمل ہونا ہے۔