لندن (جیوڈیسک) ایگزٹ پول سروے کے مطابق برطانیہ میں ہونے والے کونسلز کے انتخابات میں پاکستانی نژاد صادق خان کے لندن کے پہلے مسلمان میئر بننے کے امکانات روشن ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق لندن سمیت برطانیہ بھر میں 124 کونسلز کی 2743 سیٹوں کے لئے پولنگ ہوئی جس میں لیبر پارٹی، کنزرویٹو پارٹی، پی سی، ایل ڈی اور یو کیپ نے حصہ لیا۔ ایگزٹ پول سروے کے مطابق برطانیہ کی بیشتر کونسلز میں لیبر پارٹی کو اکثریت حاصل ہونے کا امکان ہے اور میئر لندن کا تاج پاکستانی نژاد برطانوی صادق خان کے سر سج سکتا ہے، صادق خان کو 57 فیصد جب کہ زیگ گولڈ اسمتھ کو 43 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ہے۔
ایگزٹ پول سروے لیبر پارٹی 24، کنزرویٹو 11، پی سی 12، ایل ڈی 2 اور یو کیپ 8 نشستیں جیت لے گی، ویلز میں یو کیپ پارٹی نے لیبر پارٹی کو ہرا دیا، لیبر پارٹی ویلش اسمبلی میں 3 نشستیں کھو دے گی جب کہ اسکاٹ لینڈ میں بھی لیبر پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ لندن کے میئر کے انتخابات کا باقاعدہ اعلان آج کیا جائے گا جس میں کامیاب ہونے والا امیدوار بورس جانسن کی جگہ میئر کی نشست پر بیٹھے گا۔ انتخابات میں کامیابی کے بعد میئر شہر میں ہاؤسنگ، پولیس، ماحول، ثقافت اور معاشی ترقی جیسے شعباجات کا ذمے دار ہوگا۔ صادق خان کی جیت کی صورت میں یہ ایک تاریخی موقع ہوگا جب کسی اور ملک میں پیدا ہونے والا کوئی برطانوی شہری دنیا کے اہم ترین شہر کا میئر منتخب ہوگا۔