لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ صہیب الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ جمعیت کی مہم ” عزم ہمارا پاکستان” کے دوران پاکستان طلبہ کی اخلاقی تربیت کے لئے خصوصی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ پاکستانی نوجوان محب وطن ہیں۔
معاشرے کی فلاح و بہبود میں ان کا کردار ایک مسلمہ حقیقت ہے۔ جمعیت نوجوانوں بالخصوص طلبہ کو معاشرے کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے پر تیار کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت کی اس مہم کے تحت ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کی رہنمائی کے لئے رہنمائے داخلہ سٹالز لگائے گئے ہیں جن سے روزانہ سینکڑوں طلبہ وطالبات مستفید ہو رہے ہیں اور ان طلبہ وطالبات کو بھرپور رہنمائی دی جا رہی ہے۔ عزم ہمارا پاکستان، پاکستانی نوجوانوں کی آواز ہے۔
یہ مہم معاشرے میں نوجوانوں کا تشخص بہتر بنانے کے لئے اہم کردار ادا کرے گی۔صوبائی اور مقامی سطح پر پریس کانفرنسز کے بعد ملک بھر میں مہم زور وشور سے جاری ہے انہوں نے میڈیا ، سول سوسائٹی ، اساتذہ اور طلبہ وطالبات سے مہم میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔