اسلام آباد (جیوڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کی نامزد نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ اقوام متحدہ کے 70 ویں یوم تاسیس پر ایک بیان میں ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان خطے کی خوشحالی کے لئے بھارت سے مذاکرات کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پاکستان ایک اہم ملک کی حیثیت رکھتا ہے تاہم کئی معاملات میں بھارت پاکستان پر الزام تراشی کا عادی ہو گیا ہے۔ کنٹرول لائن کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ملک کا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے، پاکستان سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار ہوا ہے مگر بھارت اس حقیقت کو سمجھنے کی کوشش تک نہیں کر رہا ہے۔ دریں اثنا اسلام آباد میں بھارتی سفیر نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان سے خوفزدہ نہیں ہے اور موجودہ حالات میں مذاکرات ممکن نہیں۔