کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا وزیراعظم کا عزم کراچی کے شہریوں کیلئے حوصلہ افزا سہی لیکن اس میں قوم کیلئے کوئی خوشخبری نہیں ہے کیونکہ قتل و غارت ‘ جرائم ‘ نا انصافی ‘ ظلم اور کرپشن صرف کراچی یا سندھ تک ہی محدود نہیں ہے پاکستان کا کوئی بھی خطہ ایسا نہیں ہے ان حالات سے دوچار نہیں ہے یہ الگ بات ہے کہ پاکستان کا تجارتی حب ہونے کی وجہ سے کراچی کو خاص اہمیت حاصل ہے۔
اس کے مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر ضروری ہے مگر پوری قوم کو دہشتگردی ‘ قتل و غارت ‘ جرائم ‘ لاقانونیت ‘ ظلم ‘ استحصال اور کرپشن سے نجات کی ضرورت ہے اور ساری توجہ کراچی پر مرکوز کرکے وزیراعظم پاکستان کے دیگر علاقوں کے ساتھ ناانصافی اور دیگر علاقوں کے عوام کا استحصال کررہے ہیں کیونکہ پاکستان کے عوام سیاسی مفادات کے حصول کیلئے صرف کراچی میں آپریشن یا صرف سندھ سے کرپشن کا خاتمہ نہیں چاہتے بلکہ ملک بھر سے کرپشن ‘ قتل و غارت ‘ جرائم ‘ لاقانونیت ‘ ظلم و استحصال اور مافیاز کا خاتمہ چاہتے ہیں اور پورے ملک میں بیک وقت فوج کی نگرانی میں کراچی طرز کے غیر جانبدارانہ آپریشن کا مطالبہ کررہے ہیں اور وزیراعظم اس مطالبہ کو نظر انداز کرکے قوم کی امنگوں پر پانی پھیر رہے ہیں۔