کراچی (پ۔ر) انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی قائدین و رہنما نے سندھ اسکائوٹ آڈیٹوریم کراچی میں بانی انجمن طلبہ اسلام و چیئرمین سپریم کونسل جمعیت علماء پاکستان شیخ الحدیث علامہ مفتی جمیل احمد نعیمی علیہ رحمہ کے اعزاز میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الحدیث علامہ مفتی جمیل احمد نعیمی علیہ رحمہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنی علمی و تحریکی زندگی کی وجہ سے مشہور تھے، وہ قدیم پاکستانی سیاست سے جدید دور کے ملاپ کا ایک حسین امتزاج تھے، انہوں نے پاکستان کی اصولی سیاست میں اپنا نام منوایا، نہ ضیاء دور کی لگژریاں بھی انہیں نہیں خرید سکیں اور نہ مشرف دور کی سہولتوں سے انہیں کمزور کیا جا سکا، وہ متحدہ جمعیت علماء پاکستان کے لئے فکرمند رہتے تھے۔
پاکستان میں اہل سنت کی زب وحالی پر افسوس کرتے اور تنظیمات کے قائدین کی رہنمائی کرتے تھے ، مولانا شاہ احمد نورانی صدیقی کے ساتھ عالمی تبلیغی سفر میں بھی شریک رہے، ہزاروں کتب کی تالیف کے لئے تعاون کیا، پچاس سال زائد عرصہ اصولی و حریت پسند قومی سیاست کا بنیادی حصہ رہے، آخری دم تک نظام مصطفیۖ کی تحریک کا سودا نہ کیا اور نہ ہونے دیا، آخری دم جمعیت علماء پاکستان سے وابستہ رہے اور اسلاف کے کردار کا مظہر رہے،علامہ جمیل احمد نعیمی نے کئی مجلوں اور ماہنامہ رسالوں کی سرپرستی کی، کراچی میں کئی علمی شخصیات کی سرپرستی اور مالی تعاون کرتے، خط و کتابت کا سلسلہ پاکستان کے تمام علماء کرام کے ساتھ جاری رکھا، قائدین نے خطابات میں ان کے خلا کو محسوس کرتے ہوئے کہا کہ علامہ نعیمی جیسی شخصیات زمانے کو اپنے کردار میں سمو لیتی ہیں۔
اس تعزیتی ریفرنس میں صدر انجمن عبدالسلام اعوان، سابق مرکزی صدور علامہ عقیل انجم، عبدالعزیز گبول، علامہ زبیر صدیقی ومرکزی رہنماعلامہ قاضی احمد نورانی، عثمان عامر عباسی، رقیب مغل، علامہ اسرار ہزاروی، نبیل مصطفائی، رمضان دانش،زمان گبول، سیف الاسلام، اسامہ اعظمی، بابر مصطفائی، سید صہیب، ضیاء المصطفی نورانی، سمیع انصاری، علامہ آصف حسین انصاری، علامہ نعمان کریم انصاری و دیگر قائدین و زعماء سمیت طلبہ نے بھرپور شرکت کی،اس تقریب کو ر علامہ مفتی جمیل احمد نعیمی بانی انجمن طلبہ اسلام، علامہ بشیر نظامی لاہور اور علامہ خادم حسین رضوی مرحوم کے لئے ایصال ثواب و خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منعقد کیا گیا، اس طرح کا ایک تعزیتی پروگرام لاہور میں چھ دسمبر کے دن منعقد کیا جائے گا، انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی انتخابات لاہور میں پانچ دسمبر کے دن جامعہ انوار مدینہ سوئے آصل میں منعقد کئے جائیں گے۔