اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر ایک ہی وجود کے دو نام ہیں۔ مسئلہ کشمیر جب تک حل نہیں ہو گا خطے میں کشمکش کی فضا ختم نہیں ہو گی۔کشمیریوں کو جائزحق دلوا کر رہیں گے، کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کا ایک نامکمل ایجنڈہ ہے، بھارتی قیادت کومسئلہ کشمیر حل کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا تحریک آزادی کی جنگ لڑنے والے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا،کشمیریوں کو جائزحق دلوا کر رہیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کشمیر میں ظلم کے ساتھ باہمی تعلقات خوشگوار نہیں رہ سکتے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ایل او سی کھولنا چاہتے ہیں تا کہ دونوں جانب کے کشمیریوں کو ملنے کا موقع ملے۔ انہوں نے کہا پاکستان اور آزاد کشمیر ایک ہی وجود کے دو نام ہیں۔ آزاد کشمیر کی ترقی پاکستان کی ترقی کی طرح عزیز ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا بھارت کشمیریوں کے حقوق تسلیم کر لے تو اچھے تعلقات قائم ہو سکتے ہیں۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کا ایک نامکمل ایجنڈہ ہے، بھارتی قیادت کومسئلہ کشمیر حل کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔