اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کو جدوجہد کا حق اقوام متحدہ کی قراردادوں نے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔ 5 روز میں 11 نوجوانوں کی شہادت عالمی ضمیر کیلئے چیلنج ہے۔
عالمی اداروں کو جھنجوڑنے کیلئے بیرونی محاذ پر کردار ادا کر رہے ہیں۔ عالمی دنیا کشمیر میں ریاستی دہشتگردی پر اپنی بے حسی ختم کرے۔
وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر پر بھارت کا کوئی اخلاقی اور سیاسی کیس نہیں، اسی بنیاد پر ہی بھارت میز پر آنے سے گریزاں ہے۔ انسانی حقوق کے حوالے سے بھارت کا بھیانک چہرہ دنیا پر عیاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیر پر جرات مندانہ موقف پیش کیا تھا۔