اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک یان میں وزیر اعظم نواز شریف نے بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے بھمبھر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے بھارت ایل او سی پرمسلسل سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے۔ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کیخلاف کشمیریوں کی اپنی جدوجہد جاری ہے اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پردہ ڈالنا چاہتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھمبھر سیکٹر میں فوجیوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔ نواز شریف نے کہا شہید ہونے والے جوانوں کے بلند درجات کیلئے دعا کرتے ہیں۔ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔