اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور کویت کے درمیان مجرموں کے تبادلے کا معاہدہ طے پا گیا ہے، دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک مستقبل میں سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کا تبادلہ کر سکیں گے۔ کویت کے وزیر اعظم شیخ جابر المبارک الحمد الصباح کا وزیر اعظم ہاس پہنچنے پر نواز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔
کویت کے وزیر اعظم شیخ جابر المبارک الحمد الصباح کی آمد پر وزیر اعظم ہاس اسلام آباد میں ایک باضابطہ استقبالیہ کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور معزز مہمان کو سلامی دی گئی۔
وزیر اعظم کویت کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ اس دوران فوجی بینڈ فضا میں تہنیتی دھنیں بکھیرتا رہا، گارڈ آف آنر کی تقریب کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے وفد کے ارکان کا کویتی وزیر اعظم سے تعارف کرایا۔