لاہور: تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر قائد روحانی انقلاب صوفی مسعوداحمد صدیقی لاثانی سرکار نے کہاہے مخدوم امم ، سید علی بن عثمان حضرت داتا گنج بخش کی تعلیمات پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے ۔حضرت داتا گنج بخش نے انسانیت کی رہنمائی کرتے ہوئے معاشرے میں امن و محبت ، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کی بنیاد رکھی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد دربار حضرت داتا گنج بخش میں عرس مبارک کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہاکہ حضرت داتا گنج بخش کا فیضان آج بھی جاری و ساری ہے جو متلاشیان حق کی مکمل رہنمائی کرتے ہوئے انہیں سیراب کررہاہے ، موجودہ حالات میں سید ہجویر کے پیغام امن کو فروغ دے کر ہم معاشرے میں اہم انقلاب برپا کرسکتے ہیں جس کیلئے ضروری ہے کہ نوجوان نسل کو آپ کی تعلیمات سے روشناس کرایا جائے تاکہ وہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کے ساتھ ساتھ قیام امن ،برداشت، بھائی چارے ، مذہبی رواداری کے فروغ اور انسانیت سے عملی و فکر ی محبت ، احترام آدمیت کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔
اس موقع پر تنظیم مشائخ عظام پاکستان ضلع لاہور کوارڈینٹر ز پیر سید احمد ندیم شاہ ، پیر سید عدنان اکرم ، پیر حاجی افتخار نقشبندی ، پیر ڈاکٹر محمد ارشد نقشبندی ، پیر محمد راشد نقشبندی سمیت سینکڑوں مریدین اور عقیدت مند موجودہ تھے ، صوفی مسعوداحمد صدیقی لاثانی سرکار نے امت محمدی ،ملکی ترقی و خوشحالی اور آپریشن ضرب کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔