لاہور (جیوڈیسک) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان رائیونڈ کا گھیرائو کرنے کا شوق پورا کر لیں ، انہوں نے جس دن ایسا کیا ان کی سیاست کا جنازہ نکل جائے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران رانا ثنا اللہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان خودنمائی کے زعم میں مبتلا ہیں ، وہ پنجاب کی روایات سے واقف نہیں ، ڈی چوک پر دھرنا دینا ، مال روڈ اور سیاسی مخالفین کے گھر کے سامنے احتجاج مختلف باتیں ہیں۔ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ عمران خان نے اسلام آباد میں دھرنا دے کر اپنا اور قوم کا وقت برباد کیا، انہیں صوبہ پنجاب کی روایات کا علم نہیں ، جس دن بھی انہوں نے رائے ونڈ میں دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ان کی سیاست رائن ونڈ کے کھیتوں میں دفن ہوجائے گی۔
رانا ثنا اللہ خان نے عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اب مرد کے بچے بننا ، 24 تاریخ کو کوئی نیا ڈرامہ کرنے کی بجائے رائیونڈ میں دھرنا دینا ، اگر انہوں نے میاں نواز شریف کے گھر کا گھیرائو کا فیصلہ کیا ہے تو وہ اس سے فرار اختیار کرنے کی بجائے اس پر قائم رہیں۔