پاکستان سے گزشتہ مالی سال 1 ارب 89 کروڑ ڈالر کا چاول برآمد

Rice

Rice

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سے یکم جولائی 2013 سے 30 جون 2014 تک 1 ارب 89 کروڑ 78 لاکھ 20 ہزار 270 ڈالر مالیت کا پاکستانی باسمتی اور نان باسمتی چاول برآمد کیا گیا، باسمتی چاول کی برآمدات میں 16 فیصد اضافہ جبکہ نان باستمی چاول کی برآمدات میں 8 فیصد کمی رونما ہوئی۔

یہ بات رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین اورایف پی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے رائس کے چیئرمین جاوید علی غوری نے بدھ کوبتائی۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کے مقابلے میں پاکستانی باسمتی چاول اچھی کوالٹی اور ویلیو ایڈیشن کے باعث اچھی قیمت کے باعث 35 فیصد اضافی قیمت پر برآمد کیا گیا ہے۔

گزشتہ مالی سال 1 ارب 51 لاکھ 579 ہزار ڈالر کا 26 لاکھ 22 ہزار 899 ٹن نان باسمتی چاول جبکہ اسکے مقابلے میں یکم جولائی 2012 سے 30 جون 2013 تک 1 ارب 21 کروڑ 89 لاکھ ڈالر مالیت کا 28 لاکھ 58 ہزار ٹن نان باستمی چاول برآمد کیا گیا تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ مالی سال نان باسمتی چاول کی مالیت میں 13 فیصد اور برآمدی حجم میں 8 فیصدکمی رونما ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال84 کروڑ 62 لاکھ 40 ہزار ڈالر مالیت کا 7 لاکھ 33 ہزار 860 ٹن باستمی چاول برآمد کیا گیا جبکہ اسکے مقابلے میں یکم جولائی 2012 تا 30 جون 2013 کے دوران 62 کروڑ 66 لاکھ 91 ہزار ڈالر مالیت کا 6 لاکھ 30 ہزار ٹن باسمتی چاول برآمد کیا گیا تھا۔ جاوید علی غوری نے کہا کہ رواں مالی سال پاکستانی چاول کی برآمدات میں مزید اضافے کے امکانات ہیں جس سے ملک کو خطیر زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی چاول کے برآمد کنندگان ویلیو ایڈیشن کی جانب بھرپور توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، اسی وجہ سے یکم جولائی مالی سال 2013 کے مقابلے میں باسمتی چاول 35 فیصد زائد نرخوں پر برآمد کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے گزشتہ مالی سال 19 کروڑ 24 لاکھ ڈالر مالیت کا ایک لاکھ 75 ہزار ٹن برائون رائس بھی برآمد کیا گیا ہے جس میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔