لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اپنا دور اقتدار ختم ہونے سے قبل پاکستان کو روشنیوں کا ملک بنا کر دکھائے گی، پاکستان بھارت کیساتھ کشمیر، سرکریک، پانی اور تجارت سمیت تمام مسائل کا حل اورخطے میں پر امن بقائے باہمی کے اصولوں پر چلنا چاہتا ہے، اسی لئے ہماری حکومت نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی ماہی گیروں کو رہا کرنے کے علاوہ دونوں ملکوں کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انکی کشتیاں بھی واپس کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں جاتی امراءمیں وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور بیرسٹر اکرم شیخ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم سے نجم سیٹھی نے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر اعظم کے دورہ بھارت پر تبادلہ خیال کے علاوہ ملک بالخصوص پنجاب میں جاری توانائی اور ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔
شہباز شریف نے وزیر اعظم کو نندی پور پاور پروجیکٹ کی رواں ماہ کے آخر میں ہونے والی افتتاحی تقریب کے حوالے سے تیاریوں کے علاوہ چین کی مدد سے شروع کئے جانے والے کول پاور پروجیکٹس، فیصل آباد کے قریب چین کی مدد سے لگائے جانیوالے 200 ارب روپے کے ترقیاتی پروجیکٹ فیصل آباد ٹیکسٹائل پارک، آزادی چوک انٹر چینج اور میٹرو اورنج ٹرین کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے بھی وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی جس میں پرویز مشرف کیس کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔ اکرم شیخ نے دونوں رہنماؤں کو کیس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعظم سے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بھی ملاقات کی اور کرکٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔