اتر پردیش (جیوڈیسک) بھارت جہاں ایک جانب لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی سے باز نہیں آرہا تو دوسری جانب اس کے وزرا الٹا چور کو توال کو ڈانٹے کے مصداق اپنی کارکردگی پر کم اور پاکستان کو دھمکیاں دینے میں زیادہ مصروف ہیں۔
اور بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھی اسی ڈگر پر چلتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کنٹرول لائن پر خلاف ورزی سے باز رہے ورنہ جواب دینا ہم بھی جانتے ہیں۔ ریاست اترپردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر میں بھارت چین بارڈر فورس کی تقریب سے خطاب کے دوران راج ناتھ سنگھ نے کہا۔
کہ پاکستان لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے یہاں تک کہ پاکستانی فورسز نے ہمارے مذہبی تہوار کو بھی نہیں بخشا اور دیوالی کے دن بھی بھارت کے سرحدی علاقوں میں گولا باری کی تاہم پاکستان کو معلوم ہونا چاہئے کہ بھارتی سرحدی محافظ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اب اگر سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تو پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف عالمی سطح پر مہم شروع کرنے کے اعلان کو نامناسب عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تمام مسائل باہمی مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہوسکتے ہیں اور حکومت بھارت کی سرحدوں کی حفاظت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔