کراچی (جیوڈیسک) محمد رفیق مانگٹ بھارتی لڑکی نے پاکستانی پریمی کے لئے اپنی ماں کی 20 کلو جیولری چرالی، دونوں کسی دوسرے ملک نئی زندگی کا آغاز کرنا چاہتے تھے کہ ائیرپورٹ پر فرار کی کوشش میں گرفتار ہو گئے۔ بھارتی اخبارات ہندوستان ٹائمز، انڈین ایکسپریس نے خبر رساں ادارے کے حوالے سے کہا ہے کہ شارجہ میں پاکستانی لڑکا اور اس کی بھارتی محبوبہ 20 کلو گرام سونا چوری اور اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار ہو گئے ہیں۔
شارجہ پولیس کا کہنا ہے کہ بھارتی لڑکی اپنی ماں کی 20 کلو گرام جیولری لے کر فرار ہوئی اور اپنے پاکستانی محبوب کے ساتھ کسی دوسرے ملک جانا چاہتی تھی جہاں وہ دونوں اپنی زندگی گزارنا چاہتے تھے۔ 20 سالہ لڑکی جس کی ابتدائی شناخت این کے ڈی NKD نام سے ہوئی، اچانک غائب ہوگئی، اور تاثریہ دیا کہ اس کی ماں نے اسے ٹیکسی میں چھوڑ دیا تھا جسے اغوا کر لیا گیا ہے، تاہم یہ دونوں 30 لاکھ درہم مالیت کے سونے کے ساتھ بیرون ملک ایک نئی زندگی کا آغاز کرنا چاہتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق جب یہ واقعہ ہوا اس وقت لڑکی کی ماں شارجہ کسٹم ڈیپارٹمنٹ میں اس سونے کو بھارت لانے کے لئے دستاویزات تیار کرا رہی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ماں نے بیٹی کے لاپتہ ہونے کے بارے آگاہ کیا تھالیکن اس کے بعد حقیقت واضح ہو ئی کہ اسے اغوا نہیں کیا گیا تھا۔لڑکی نے اپنا فون بند کردیا تھا۔
اور پاکستانی پریمی جس کی شناخت ایم اے ایم MAM کے طور پر ہوئی اس کے پاس وہ تمام جیولری لے آئی اور وہ خاموشی سے ملک چھوڑنے والے تھے۔پولیس کے مطابق پہلے وہ سونے کو منتقل کرنا چاہتے تھے اس کے بعد وہ دونوں نکل جاتے۔ پولیس نے فوری تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی لڑکی کو چند ہی گھنٹوں میں ہوائی اڈے سے فرار کی کوشش میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے اور انہیں شارجہ پبلک پر اسیکیوشن کے حوالے کیا جا چکا ہے۔