لاہور (جیوڈیسک) سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو منتخب وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔
نوجوت سنگھ سدھو براستہ واہگہ بارڈر پہلے لاہور اور پھر اسلام آباد پہنچے جہاں وہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔
لاہور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی جمہوریت میں آنے والی تبدیلی بہت اچھی ہے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ اپنے دوست کی دعوت پر پاکستان آیا ہوں اور یہاں دعوت پر محبت کا پیغام لےکر آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اور فنکار فاصلے مٹاتے ہیں اور ایک دوسرے کو آپس میں جوڑتے ہیں۔
نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ میں اپنے دوست عمران خان کیلئے ایک شال لایا ہوں۔
گلابی رنگ کی پگڑی پہننے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلابی رنگ شگنوں کا ہے، محبت کا ہے ، پیار کا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں پاکستانیوں کیلیے دعائیں لے کر آیا ہوں۔
یاد رہے کہ عمران خان نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے تین بھارتی سابق کرکٹرز کو دعوت دی تھی تاہم کپل دیو اور سنیل گواسکر نے ذاتی مصروفیات کے باعث آنے سے معذرت کی۔
نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیے جانے کو اعزاز قرار دیا اور بھارتی میڈیا کی جانب سے شدید تنقید کے باوجود انہوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔