لاہور (پی ایل آئی) ہیلپ وے پاکستان اور عوامی محبت گروپ سانحہ یوحناآباد چرچز کے مذمتی بیانات وپیغامات کے ساتھ دوافراد کو جلائے جانے کے افسوسناک واقعے کی بھی مذمت کرتی ہے کیونکہ پرتشدد ،گھیرائو جلائو سے مزین مظاہرے کسی بھی معاشرے، قوم اور ریاست کے لئے بھلائی پیدا نہیں کرسکتے۔
اقبال کھوکھر، ڈاکٹرنائلہ نذیر، عابد گل،ایم اے تبسم،فیاض احمد بھٹی،ع م بدرسرحدی نے ایک تعزیتی اجلاس کے بعد مشترکہ بیان میں کہا کہ پرامن احتجاج نہ صرف ان سانحات کے مظاہرین کا حق ہے بلکہ ریاست کے ہرشہری کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنے حقوق ومطالبات کے لئے ذمہ داران اداروں وشخصیات سے احتجاج ریکارڈ کروائے مگر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا، توڑپھوڑ اوراپنے ہی لوگوں کے لئے مسائل پیدا کرنا دانشمندی نہیں۔
ہم سمجھتے ہیں کہ اپنے پیاروں کی لاشوں اوران کے جلے کٹے اعضاء دیکھ کرکسی بھی فرد کاغم وغصہ سے جذباتی ہونا فطری امر ہے مگر ہمیں یہ یادرکھنا چاہیے کہ دہشت گردوں کاتعلق کسی بھی دین سے نہیں اور نہ ہی ان کا کوئی مذہب ہے وہ تو مساجد،امام بارگاہوں، چرچز، سکولز یہاں تک کہ ہماری سکیورٹی اداروں کو بھی نشانہ بنارہے ہیں۔
کیونکہ ان کامقصد خوف وہراس، بدامنی ، افراتفری اور نفرت کی فضاء قائم کرنا ہے۔ہماری تمام قوتوں سے اپیل ہے کہ تمام مذاہب کے درمیان صدیوں سے قائم معاشرتی ومعاشی تعلقات کو متاثر نہ کیا جائے۔حقائق پر مبنی تحقیقات کی جائیں۔