پاکستان سے پیار ہے اور لاہور بہت یاد آتا ہے، پریم چوپڑا

Prem Chopra

Prem Chopra

لاہور (جیوڈیسک) پریم نام ہے میرا پریم چوپڑا، میں وہ بلا ہوں جوشیشے سے پتھر کو توڑتا ہوں، شمبو کا دماغ دو دھاری تلوار ہے، ارے ننگانہائے گا کیا اور نچوڑے گا کیا، ایسے کئی مشہور ڈائیلاگ کی بدولت بھارتی فلم انڈسٹری میں گولڈن جوبلی پوری کرنیوالے سینئر اداکار پریم چوپڑا۔

انھوں نے بھارت سے ٹیلیفون پر تفصیلی انٹرویو کے دوران بالی وڈ میں 1961 سے 2014 تک لاہور سے شملہ اورشملہ سے ممبئی تک کے فلمی سفرمیں ولن کی کہانی اپنی زبانی بیان کی۔ انھوں نے اپنی بیٹی کے ہاتھوں لکھی گئی۔

اپنی سوانح عمری پرروشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ بھارت، امریکہ اور برطانیہ میں بڑی بکی ہے، پاکستان میں بھی دستیاب ہے۔ پریم چوپڑا لاہور میں گوالمنڈی، شاہ عالمی کی گلی نمبر 5 میں اعلیٰ سرکاری اہلکار کے گھر پیدا ہوئے، ان کے 5 بھائی اورایک بہن تھی۔

والدین کے ہمراہ انارکلی گھومنے کی یادیں ابھی تک تازہ ہیں، لاہور بہت یاد آتا ہے، پاکستان سے پیار ہے۔ 9 سال کے تھے کہ والدکا تبادلہ شملہ ہوگیا۔ وہاں بی اے کرنے کے بعد سرکولیشن ڈیپارٹمنٹ میں نوکری کی۔ اسی دوران سٹیج کا شوق چرایا۔ نوکری کے دوران شادیوں میں شرکت کے بہانے کر کے فلم کی شوٹنگ پر چلا جاتا۔ پنجابی فلموں سے آغازکیا، چودھری جرنیل سنگھ میں ہیرو آیا۔

جسے نیشنل ایوارڈ بھی ملا۔ میں شادی کرنے چلا اور سکندراعظم میں بھی ہیرو کا کردار تھا۔ یہ فلمیں خاص نہ چلیں، پھروہ کون تھی، تیسری منزل ، میرا سایہ میں ولن کے کردار کیے، یہ تمام فلمیں ہٹ ہوئیں جس کے بعدولن کی چھاپ لگ گئی۔ بعدازاں نوکری چھوڑدی اور فلموں کو مکمل وقت دینا شروع کردیا۔

میں بہت محنتی اور ایمانداری سے اپنے کردار نبھاتا رہا ہوں۔ سکرپٹ کے مطابق خونخوار نظر آکر کردار سے انصاف کرتا، ریپ سین بھی اس کے تقاضوں کے مطابق نبھاتا تھا،اداکاری مشکل کام ہے ، ہر کوئی نہیں کر سکتا، کردار سے انصاف نہ کرنے والے پردہ سکرین سے غائب ہوجاتے ہیں۔

سادھنا، وجنتی مالا، سائرہ بانو تعلیم یافتہ اداکارہ تھیں، ہیمامالنی اور وحیدہ رحمن بھی اچھی تھیں۔ ریکھا سلجھی ادارکارہ تھیں،اپنی اداکاری سے امراؤ جان کو امر کردیا۔ ان کے ساتھ میری فلم پھول بنے انگارے خوب چلی تھی۔

امیتابھ بچن دوست ہیں، بالی وڈمیں ان کا بڑا مقام ہے، وہ بڑے محنتی اداکار ہیں، ہوم ورک کر کے سیٹ پرپہنچتے ہیں، اپنے کام سے کام رکھتے ہیں، سیاست میں نہیں پڑتے۔ پران نے منفی کردار کر کے فلموں میں اپناقیام دس سال بڑھا لیا تھا۔

’’میری فلم دھرتی بڑی ہٹ ہوئی سی،تسی ویکھو مزہ آوے گا۔ ہن پنجابی فلماں دابجٹ ود گیا ایہہ، دبئی، آسٹریلیا، برطانیہ، کینیڈا وچ بڑی ہٹ ہورئیاں نیں۔‘‘پریم چوپڑا نے پاکستانی پرستاروں کے نام پیغام میں کہاکہ آپ محنت اور کوشش سے کام کرتے رہیں تو منزل مل جائیگی