کراچی (جیوڈیسک) گزشتہ رات کراچی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاکستان میں کھیلوں خصوصاً کرکٹ کی بحالی کی امیدیں ایک بار پھر دم توڑ گئی ہیں۔ کراچی میں ہونے والے رمضان ٹورنامنٹ میں شرکت کی حامی بھرنے والے بین الاقوامی کرکٹرز نے حالیہ واقعے کے بعد پاکستان آمد سے معذرت کر لی ہے۔
رمضان میں ہونے والے کرکٹ ایونٹ کے لیے حکام کی متعدد بین الاقوامی کرکٹرز سے بات چیت جاری تھی جن میں سے کچھ نے ٹورنامنٹ میں شرکت پر آمادگی بھی ظاہر کردی تھی لیکن جناح ایئرپورٹ پر حملے کے بعد ان کھلاڑیوں کی جانب سے معذرت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے سابق جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز اور کیوی آل راؤنڈ جیکب اورم سمیت کئی بین الاقوامی کرکٹرز سے بات چیت جاری تھی تاہم اب انہوں نے کراچی آنے سے معذرت کرلی ۔
اس خبر سے ملک میں کھیلوں خصوصاً کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے۔ یاد رہے 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور پاکستان کو اپنی تمام ہوم سیریز متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر کھیلنی پڑیں۔