کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پانچواں آل پاکستان شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کی اجازت سے شہید زیڈ اے بھٹو شوٹنگ بال کلب نوڑیرو کے زیراہتمام شہید رانی اسٹیڈیم نوڈیرو میں ہوا، ٹورنامنٹ میں پورے پاکستان سے 32 نامور ٹیموں نے حصہ لیا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل العثمان شوٹنگ بال کلب لاہور اور شہید بے نظیر بھٹو کلب لاڑکانہ کے درمیان کھیلا گیا، فائنل کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ تھے ان کے ہمراہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور رکن سندھ اسمبلی خورشید احمد جونیجواور محمد علی بھٹو بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی آمد پر، رحمت اللہ موریو، غلام سرور کھوڑو، عبدالمجید شیخ اور سیکریٹری سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن ڈاکٹر قیصر علی جتوئی نے پھولوں کے ہار پہنا کر ان کا شاندار استقبال کیا، فائنل کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کا مہمان خصوصی سے تعارف کرایا گیا، بیسٹ آف تھری پر مشتمل فائنل کو دیکھنے کے لیے شائقین کی بہت بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی، فائنل کا پہلا سیٹ العثمان شوٹنگ بال کلب لاہور نے 16-13 سے جیت کر ایک گیم کی سبقت حاصل کرلی۔
لیکن دوسرا سیٹ میں شہید بے نظیر بھٹو کلب لاڑکانہ نے11-16 سے جیت کر مقابلا برابر کر دیا ، تیسرے اور آخری سیٹ میں لاڑکانہ کی ٹیم نے لاہور کو14-16 سے شکست دے کر فائنل جیتنے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور شائقین سے خوب داد حاصل کی، شہید بے نظیر بھٹو کلب کے سید محمد علی شاہ، اشفاق علی، اشتیاق علی اور نور دین شاہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
العثمان شوٹنگ بال کلب کے زولفقار جوہیہ، قیصر بھٹی، خالد اور نعیم اللہ نیازی نے بھی خوب ڈٹ کے مقابلا کیا، فائنل کے مہمان خصوصی سید قائم علی شاہ نے تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ شوٹنگ بال کھیل سندہ کا مقبول ترین کھیل ہے اور شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو کو شوٹنگ بال کھیل سے ذاتی دلچسپی تھی اور بطور وزیرآعظم شہید رانی نے دو مرتبہ شوٹنگ بال ٹورنامنٹ میں مہمان خصوصی شرکت کی جس سے ان کی شوٹنگ بال کھیل سے دلچسپی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، انھوں نے شہید بے نظیر بھٹو کلب لاڑکانہ کو فائنل جیتنے پر دو لاکھ نقد انعام بھی دیا۔
سید قائم علی شاہ نے اسپیکر آغا سراج درانی اور خورشید احمد جونیجو کے ہمراہ کھلاڑیوں میںانعامات تقسیم کیے شہید رانی بے نظیر بھٹو کلب کے کپتان اشتیاق علی نے مہمان خصوصی سید قائم علی شاہ سے ونر ٹرافی اور 30ہزار کیش پرائز وصول کیا، العثمان شوٹنگ بال کلب لاہور کے کپتان خالد نے مہمان خصوصی سے رنر ٹرافی اور20 ہزار کیش پرائز حاصل کیا، ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کرنے پر سید محمد علی شاہ اور زولفقار جوہیہ کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا
اس موقع پررکن سندھ اسمبلی محمد علی بھٹو، ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ،کمشنر اکبر لغاری ،عبدالشکور تھبو، سکندر سانگھی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھے، فائنل میچ کو جاوید میمن، غلام نبی، امداد بھٹو اور صدام نے سپروائز کیا۔