اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کی میڈیا تنظیموں کی مشترکہ کمیٹی نے متفقہ طور پر پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) کے قیام کو مسترد کر دیا ہے۔
آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی(اے پی این ایس)، کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یوجے) اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹر اور نیوز ڈائریکٹرز ( ایمنڈ) پر مشتمل مشترکہ کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت اطلاعات اور میڈیا تنظیموں کی حالیہ میٹنگ کے پھیلائے گئے منٹس گمراہ کن ہیں۔
میڈیا تنظیموں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ گمراہ کن منٹس جان بوجھ کر پھیلائے گئے ہیں، ان منٹس سے تاثر دیا گیا کہ پی ایم ڈی اے پر کوئی سنجیدہ اعتراض نہیں جبکہ وزارت اطلاعات مستقل تاثر دے رہی ہےکہ میڈیا برادری پی ایم ڈی اےکی حامی ہے، وزارت اطلاعات کی اس کوشش کو فوری طور پر روکنا چاہیے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اراکین پارلیمنٹ ، انسانی حقوق کی تنظیموں، بار ایسوسی ایشنز اور سول سوسائٹی سے رابطہ کررہے ہیں اور ان کے ساتھ مل کر حکومت کی میڈیا کودبانے کی کوششوں کو روکا جائے گا۔