لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ لوگوں کو انصاف نہ ملنا اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ہے، ہمیں بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے اور اس ضمن میں انقلابی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، جمہوریت اسی وقت اپنی اصل ہیئت اور افادیت میں نظر آئے گی جب اختیارت کی منتقلی نچلی سطح تک یقینی بنائی جائے گی۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے 18 ویں مڈکیرئیر مینجمنٹ کورس کے سولہ رکنی وفد سے گفتگو کے دوران کیا، جنہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ بعد ازاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس میں پاکستان میں ناروے کے سفیر مسٹرلیف ایچ لارسن نے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔