واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی کانگریس نے فوجی امداد میں مزید ایک برس کی توسیع کو اپنی حتمی بجٹ تجاویز شامل کر لیا ہے لیکن ساتھ ہی کچھ نئی شرائط بھی عائد کی گئی ہیں۔ نئی تجاویز میں کہا گیا ہے کہ کوالیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں پاکستان کو دی جانے والی رقم اب ایک ارب ڈالر سے زیادہ نہیں ہو گی۔
اس کے علاوہ امریکی وزیرِ دفاع کو 30 کروڑ ڈالر تک کی رقم کانگریس کی شرائط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جاری کروانے کا اختیار بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
پاکستان کو رقم کے اجرا سے قبل امریکی وزیرِ دفاع کو کانگریس کو یقین دلانا ہوگا کہ پاکستان کی شمالی وزیرستان میں جاری فوجی کارروائی کے دوران حقانی نیٹ ورک کی محفوظ پناہ گاہیں اور شدت پسندوں کی آزادانہ نقل و حرکت ختم ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ انھیں یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ پاکستان ایسے قدم اٹھا رہا ہے کہ اس آپریشن کے بعد حقانی نیٹ ورک شمالی وزیرستان میں دوبارہ ٹھکانہ نہیں بنا پائے گا۔
ان شرائط کے علاوہ کولیشن سپورٹ فنڈ کے اجرا کے لیے گذشتہ بجٹ میں لاگو شرائط بھی برقرار رکھی گئی ہیں۔ پاکستان کو آخری امداد اکتوبر میں ملی تھی جب امریکہ نے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں معاونت کے لیے 37 کروڑ دس لاکھ ڈالر کی رقم دی تھی۔