فیصل آباد : پاکستان لاکھوں جانوں کی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا۔ نوجوانوںکو اس قیمتی متاع کی قدر کرتے ہوئے پاکستان کی تعمیروترقی کیلئے اپنے حصے کی جدوجہد کرنی ہے۔
نوجوان پاکستان کو دنیا کا سب سے ترقی یافتہ اور اسلامی جمہوری اقدار کواپناتے ہوئے سپر پاور بنانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت لاکھوں ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، نوجوانوں کی قربانیوں سے حاصل شدہ پاکستان کو نقصان نہیں پہنچاسکتی۔
اگر کسی نے ٹیڑھی آنکھ سے بھی پاکستان کی طرف دیکھنے کی کوشش کی تو سب سے پہلے آج کا نوجوان میدان عمل میں پاک افواج کے شانہ بشانہ ہوگا۔
ان خیالات کااظہار پاکستانی نوجوانوں کی سب سے بڑی سماجی تنظیم ‘پازیٹو پاکستان’ کے زیراہتمام قیام پاکستان کے دوران دی گئی قربانیوں پر مبنی ہم ٹی وی کی ڈاکیومنٹری ‘داستان’کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر پازیٹوپاکستان عابداقبال کھاری، نائب صدر عثمان رضا جولاہا، عبدالحنان بسرأ، ولید اصغر، ڈاکٹر کامران اکرم، حنان سعید بٹ ودیگر نے کیا۔
اس موقع پر مختلف کالجز اوریونیورسٹیز سے تعلق رکھنے والے طلباء وطالبات نے داستان جیسے پروگرام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل اپنے آباؤاجداد کی قیام پاکستان کیلئے دی گئی قربانیوں سے آگاہ ہیں اور مزید آگاہی چاہتے ہیں۔ قومی سطح پر قیام پاکستان پر ڈاکیومنٹریز بنائی جائیں۔
‘داستان’ کے دوران ماں، بیٹی کی جدائی اور سکھ بلوائیوں کے ہاتھوں جوانوں کی شہادت کے مناظر نے سیمینار میں موجود طلباء وطالبات کو جذباتی کردیا اور ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔
طلباء وطالبات نے عزم کیا کہ پاکستان کے قیام کیلئے اپنے بڑوں کی قربانیوں کی قدر کرتے ہوئے ہمیشہ اس کی تعمیر وترقی کیلئے کام کریں گے۔