اسلام آباد (جیوڈیسک) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے 28 ستمبر کو مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے دھرنے نے’’مغل اعظم‘‘ کی نیندیں حرام کر دیں۔ اسلام آباد کے ڈی چوک پر آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا۔
کہ ظلم اور خوف کی حکومت مزید نہیں چل سکتی اب لوگوں کے ذہن بدل رہے ہیں، وزیراعظم جہاں جاتے ہیں ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگتے ہیں، عوام نے فیصلہ کر لیا کہ نواز شریف کے استعفے کے بغیر جدوجہد ختم نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا حسنی مبارک قوم پر مسلط ہے اور آئی ایم ایف یا امریکا نہیں بلکہ ہم نیا پاکستان بنائیں گے، نواز شریف کے امریکا میں متوقع استقبال کا سوچ کر ترس آرہا ہےعوام امریکا کی سڑکوں پر پاکستانی وزیراعظم کا استقبال کریں گے۔
چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ کے عوام سے انتہا کا ظلم کیا جاتا ہے اوران سے زیادہ برطانیہ میں جانوروں کے پاس حقوق ہیں، بلوچستان اور اندرون سندھ کے عوام کو ظلم کے دلدل سے نکالنے کے لئے شہریوں کو ان کے حقوق کے لئے کھڑا کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنےآپ کو بدلنا ہے،غربت کی لکیر سے نیچے 11 کروڑ افراد کا سوچنا ہے جنہیں 2 وقت کی روٹی بھی میسر نہیں، ملک میں گندے پانی پینے سے سالانہ 4 لاکھ بچے مرجاتے ہیں جو ظلم ہے لیکن عوام پر حکمران چاہے جتنا ظلم کرلیں وہ ناانصافی قبول نہیں کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ لیڈر ہمیشہ انصاف کرتا ہے رشتہ داروں کو اوپر لے کر نہیں آتا، کل کراچی میں سارے راستے پر ’’گونوازگو‘‘ کے نعرے لگ رہے تھے اور میری بات سے پہلے کراچی والے سمجھ جاتے تھے کہ میں کیا کہنے والا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرنے کے شرکا نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں اور 40 دن میں ہی بادشاہ کی نیندیں حرام ہو گئیں اور بہت جلد باشعور عوام نیا پاکستان بنتا دیکھیں گے۔