پاکستان: لاپتہ کوہ پیماوں کی لاشیں مل گئیں

Mountaineering in Pakistan

Mountaineering in Pakistan

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان میں کوہ پیمائی کے دوران لاپتہ ہونے والے اطالوی کوہ پیما ڈینئیل نارڈی اور برطانوی کوہ پیما ٹام بالارڈ کی لاشیں مل گئی ہیں۔

جاری کردہ اعلان کے مطابق کوہ پیماوں کی لاشیں مل گئی ہیں تاہم یہ ایسی جگہ پر ہیں کہ جہاں سے انہیں نکالنا ممکن نہیں ہو گا۔

واضح رہے کہ یہ کوہ پیما 8 ہزار 126 میٹر بلندی کے ساتھ دنیا کے 9 ویں بلند ترین اور “موت کے پہاڑ” کے لقب سے مشہور پہاڑ نانگا پربت کو سر کرنے کے لئے گئے اور 24 فروری کو لاپتہ ہو گئے تھے۔

پاکستان میں اٹلی کے سفیر سٹیفانو پونٹے کوروو نے واقعے کے بارے میں سوشل میڈیا سے بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ میں نہایت افسوس سے کہتا ہوں کہ نارڈی اور بالارڈ کی تلاش کا کام اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ امدادی ٹیموں نے اعلان کر دیا ہے کہ 5 ہزار 900 میٹر بلندی پر واقع مومیری پاس میں دکھائی دینے والے آثار نارڈی اور بالارڈ کی لاشیں ہیں۔

اطلاع کے مطابق لاشیں پہاڑ کی اس سمیت پر ہیں جس سمت سے پہلے کوہ پیمائی کی کوشش نہیں کی گئی اور جو دشوار ترین سمت ہے لہٰذا لاشوں کو وہاں سے واپس لانا ناممکن ہے۔